13 فروری 2025 - 14:03
غزہ: صہیونی قیدیوں کی رہائی کا واحد طریقہ، معاہدے کی پابندی ہے، ترجمان القدس بریگیڈز

غزہ کے خلاف امریکی صدر کی دھونس دھمکیوں کا جواب دیتے ہوئے جہاد اسلامی فلسطین کے فوجی ونگ "سرایا القدس" (القدس بریگیڈز) کے ترجمان ابوحمزہ نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ اسرائیلی قیدیوں کی واپسی کا واحد طریقہ، معاہدے کی تمام شقوں پر صہیونیوں کا عملدرامد ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، سرایا القدس کے ترجمان ابوحمزہ نے کہا کہ طوفان الاقصی اور اس کے بعد پیش آنے والے واقعات نے ثابت کردیا ہے کہ صہیونی قیدیوں کی واپسی کا واحد راستہ، جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے پر غاصب اسرائیلیوں کا مکمل عمل درامد ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینی مقاومت نے اپنی ذمہ داریاں بہترین طریقے سے انجام دی ہیں تاہم دشمنوں نے اپنے قیدیوں کو خطرناک اور مبہم حالات میں اپنے حال پر چھوڑ دیا ہے۔

ابوحمزہ نے خبردار کیا کہ اسرائیلی قیدیوں کی تقدیر براہ راست نیتن یاہو کے طرز عمل پر منحصر ہے۔

سرایا القدس کے ترجمان نے زور دیکر کہا کہ اس وقت تک جنگ بندی کے معاہدے کے پابند رہیں گے جب تک کہ دشمن بھی اپنی ذمہ داریاں پوری کرتا رہے گا۔

واضح رہے حماس کے فوجی ونگ القسام بریگیڈ کے ترجمان ابوعبیدہ نے پیر کے روز اعلان کیا تھا کہ جب تک صہیونی ریاست معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غزہ تک خوراک اور ادویات پہنچنے نہیں دے گی تب تک اسرائیلی قیدیوں کی رہائی کا سلسلہ رکا رہے گا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110